کراچی (جیوڈیسک) وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے وزیراعظم نواز شریف کے کراچی پہنچنے پر ان کا استقبال کیا جس کے بعد ان کے دل کی دھڑکنیں تیز ہوگئیں۔
وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے وزیراعظم نواز شریف کا ایئرپورٹ پر استقبال تو کیا لیکن ان کے ہمراہ پورٹ قاسم جانے کے بجائے دل کے اسپتال پہنچ گئے جہاں انہوں نے ای سی جی سمیت دیگر ضروری ٹیسٹ کرائے اور 2 گھنٹے تک اسپتال کے پرائیوٹ ونگ میں گزارے۔
ذرائع کے مطابق پروٹوکول کے مطابق وزیراعلی سندھ وزیراعظم کے ہمراہ ہوتے ہیں لیکن وزیراعظم نواز شریف کے ایئرپورٹ پہنچنے پر قائم علی شاہ نے صرف 2 منٹ کی ملاقات کی، وفاق سے رینجرز اختیارات کے معاملے پر سندھ کو شدید اختلافات ہیں اس کے باوجود قائم علی شاہ کی وزیراعظم سے مختصر ملاقات ہونا اور وزیراعظم کے شیڈول میں آج الگ سے بھی کوئی ملاقات نہ ہونے کے باعث وفاق اورسندھ کے درمیان اختلافات بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔