تلہ گنگ : اسسٹنٹ کمشنر تلہ گنگ نے شہریوں کے دل جیت لئے، غیر قانونی عناصر کے گرد گھیرا تنگ، بیکریز، کلینک، ہسپتالوں، وکانوں پر چھاپے، ایک ہفتے میں شہر سے تجاوزات کا خاتمہ کر دیا، شہریوں کی اسسٹنٹ کمشنر کے حق میں ریلی، تفصیلات کے مطابق چند روز قبل تلہ گنگ میں تعینا ت ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر تلہ گنگ وسیم خان نے تلہ گنگ کی حالت بدل رکھ کر دی۔تجاوزات کا خاتمہ کر دیا جبکہ ناقص اشیاء کی فروخت پر شہر کی بڑی بیکریوں کو بھی سیل کیا،ناقص گوشت فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلا ف مقدمات درج کروائے جبکہ تلہ گنگ شہر کے بڑے بڑے پرائیویٹ ہسپتالوں پر چھاپے مارے اور کاروائی کی۔
اسسٹنٹ کمشنر تلہ گنگ کے ان اقدامات کی وجہ سے شہری مطمئن دکھائی دیتے ہیں۔اے سی تلہ گنگ وسیم خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ہر پرائیویٹ ہسپتال کے پاس ہیلتھ کیئر کمیشن2010کے تحت سرٹیفکیٹ ہونا چاہئے ۔ چیکنگ کے دوران میں نے 4ہسپتال سیل کئے ہیں جبکہ پانچ ایسے ہسپتال چیکنگ کے دوران ملے جن کے پاس سرٹفکیٹ تھے۔انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لئے برابر ہے۔کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کیئر کمیشن 2010کے تحت ہر ہسپتال کے لئے سرٹیفکیٹ لازمی ہے جو 3ماہ کے اندر اندر بنوانا چاہئے تھا۔جن ہسپتالوں نے یہ سرٹفکیٹ نہیں بنوایا وہ نہیں چل سکتے۔غیر قانونی تصور ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف ہسپتالوں کی چیکنگ کی۔الکرم ہسپتال بھی اسی سلسلہ میں گیا تھا لیکن ان کے پاس ہیلتھ کیئر کمیشن 2010کا سرٹفیکیٹ نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی کاموں کو پہلے جو تحفظ فراہم ہوتا تھا اب ایسا نہیں ہو گا ،قانون سب کے لئے برابر اور میرے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر وسیم خان نے کہا کہ اگر الکرم ہسپتال والوں کے پاس سرٹفکیٹ موجود ہے تو وہ سامنے لائیں مجھے کوئی اعتراض نہیں لیکن اس کے بغیر کوئی بھی ہسپتال غیر قانونی ہے اور لاقانونیت اب نہیں ہو گی۔قبل ازیں شہریوں نے اے سی تلہ گنگ کے حق میں ریلی بھی نکالی۔
تلہ گنگ شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن،بیکریوں،کلینک پر چھاپوں سے تلہ گنگ کے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا کہ چلیں کوئی تو آیا جو شہیدوں و غازیوں کی سرزمین تلہ گنگ کو صاف ستھرا دیکھنا چاہتا ہے۔بڑی تعداد میںشہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر تلہ گنگ کے حق میں پرانا لاری اڈہ سے ٹی ایم اے ہال تک ریلی نکالی۔اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر ”ہم تجاوازت کے خلاف آپریشن پر وسیم خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں”وسیم خان زندہ باد” درج تھا۔ریلی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ اسسٹنٹ کمشنر تلہ گنگ وسیم خان کی طرح ایماندار اور باصلاحیت آفیسر تلہ گنگ میں پہلے نہیں آیا۔وسیم خان نے بلا تفریق تجاوزات کے خاتمے کے لئے آپریشن کیا۔ہم ان کے اس اقدامات کو سراہتے ہیں اور انکی قدر کرتے ہیں۔شہریوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ اے سی تلہ گنگ رات کو دو بجے اٹھ کر تلہ گنگ کے ہسپتالوں کے دورے کر کے مریضوں کو کمبل دے رہے ہیں ،یہ محسن نہیں تو اور کیا ہیں۔آج سے پہلے کسی بھی افسر نے تلہ گنگ میں ایسا نہیں کیا۔ریلی میں مسلم لیگ(ن) کے رہنما ملک فاروق اعوان،ماجد ندیم اعوان و دیگر نے بھی شرکت کی۔دوسری جانب تلہ گنگ کے شہری سوشل میڈیا پر بھی اے سی تلہ گنگ کو اچھے اقدامات پر خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔فیس بک پر شہریوں نے اے سی سے مطالبہ کیا کہ تجاوزات کے خلاف بلا تفریق آپریشن جاری رکھا جائے اور قانون پر حکمرانی کو یقینی بنایا جائے۔