کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیغمبر اسلام کی حیات طیبہ اہل ایمان کے لئے روشن مثال ہے ،ذکر رسول ۖ میں آنے والی موت سعادت ہے ،محسن انسانیت ۖ کی ولادت انسانیت پر خداوند کریم کا احسان عظیم اور مسلمانوں کے لئے تحفہ عظیم ہے ۔آپ ۖ کی حیات طیبہ اُمت کے لئے زندگی کے ہر موڑ پر ایک لائق تقلید نمونہ ہے۔
آپ کی تعلیمات پر عمل میں ہی انسانیت کی فلاح اور نجات کا راز پوشیدہ ہے۔ان خیالات کا اظہار جامع مسجد بخاری گلستان جوہر میں منعقدہ محفل میلاد بسلسلہ جشن عید میلاد النبی ۖ سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین تحریک فروغ درود وسلام انٹرنیشنل صاحبزادہ حامد رضا مہروی نے کیا انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہاکہ آپ ۖ کو تمام جہانوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجا گیا ہے رحمت العالمین ۖ کی آمد سے قبل پوری دنیا شرک، جہالت، گمراہی و مصیبت اور نافرمانی کے گڑھے میں گری ہوئی تھی ۔مرد و عورت بیت اللہ کا برہنہ طواف کرتے تھے۔
فسق و فجور اور بدکاریوں پر ندامت اور شرمندگی کے بجائے اُس پر فخر کیا جاتا تھا ،سودی لین دین عام تھا معمولی باتوں پر لڑائی جھگڑے صدیوں تک چلتے تھے گویا کہ دنیا تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی تھی ۔ان حالات میں اللہ تعالیٰ نے حضور اقدس ۖ کو دنیا میں رحمت العالمین بنا کر بھیجا آپ کی کردار سازی نے اُس وقت کے معاشرے کی صنف نازک کو بلند مقام عطا کیا اور اخلاق و کردار کی عظیم مثال پیش کی اور معاشرے کو ہر طرح کی گندگی سے پاک کر دیا۔
اپنے محبوب عظیم کے لئے خدا وند کریم نے درود کے فروغ کی دعوت یہ کہہ کر دی کہ میں اور میرے فرشتے رسول امین ۖ پر درود بھیجتے ہیں اور آپ بھی اُن پر درود بھیجیں درود ہماری نجات کا سبب ہے آقاۖ نے فرمایا وہ شخص بخیل ہے جس کے سامنے میرا نام آئے اور مجھ پر درود نہ بھیجے اس محفل میں جامع مسجد بخاری ٹرسٹ کے چیئر مین الحاج عبدالعزیز مگسی ،سیکریٹری ملک الطاف ،حاجی محمد اسلم قریشی ،راجہ فاروق ،راجہ شبیر ،کے علاوہ بڑی تعداد میں علاقہ مکینوں نے اس با برکت اور پر نور محفل میں شرکت کی۔
استقبال ربیع النور پر خطیب جامع مسجد بخاری گلستان جوہر علامہ طاہر عباس نے بھی خطاب کیا جبکہ فریس قادری ،وحید قادری نے بارگاہ رسالت ۖ میں گلہائے عقیدت پیش کئے جبکہ اختتام محفل پر لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔