بجلی کی قیمت میں 2 روپے 6 پیسے کمی

Electricity

Electricity

اسلام آباد (جیوڈیسک) نیپرا نے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر نومبر کے لیے بجلی کی قیمت میں 2 روپے 6 پیسے کمی کی منظوری دے دی۔

نیشنل الیکٹرک پاورریگولیٹری اتھارٹی نے سینٹرل پاورپرچیزنگ ایجنسی کی جانب سے نومبرکے لئے بجلی کی قیمت میں کمی کی درخواست کی سماعت کی، سماعت کے دوران سی پی پی اے نے موقف اختیار کیا کہ نومبر کے لئے ریفرنس فیول لاگت 7.30 روپے فی یونٹ مقرر تھی تاہم بجلی کی پیداوار پر اصل فیول لاگت 5.32 روپے فی یونٹ رہی ہے۔

اس لئے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 2 روپے 6 پیسے فی یونٹ کمی کی جائے،نیپرا نے سی پی پی اے کی جانب سے پیش کردہ اعداد و شمارکو مد نظر رکھتے ہوئے نومبر کے لئے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ سرچارج مد میں 2 روپے 6 پیسے فی یونٹ کمی کردی۔ بجلی کی قیمت میں کمی سے عوام کو 20 ارب روپے کا ریلیف ملے گا۔

نیپرا کے مطابق بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین کے علاوہ ماہانہ 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلوصارفین پربھی نہیں ہوگا۔