کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سولنگی اتحاد کے بزرگ رہنما میر سولنگی ‘ سردار اکرم سولنگی ‘ سردار شبیر سولنگی ‘ سردار راحیل سولنگی ‘ سردار خادم حسین سولنگی ودیگر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے اس بیان کی حمایت کی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ بہتر مستقبل کیلئے تعلیم پر سرمایہ کاری کرنی ہوگی۔
سولنگی اتحاد کے رہنماوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان میں شرح خواندگی انتہائی کم ہونے کے علاوہ تعلیمی معیار بھی انتہائی ناقص ہے جبکہ پاکستان کی 80فیصد آبادی دیہات میں بستی ہے جو بہتر تعلیمی سہولیات سے محروم ہے اور افسوسناک امر یہ ہے کہ دیہات کے حوالے سے بیشتر تعلیمی منصوبے صرف کاغذوں پر تکمیل پاتے اور اگر حقیقت میں کہیں کسی اسکول یا کالج کا قیام عمل میں آجاتا ہے تو وہ یا تو اشرافیہ کے اسطبل میں تبدیل کر دیا جاتا ہے یا پھر اساتذہ ار تعلیمی سہولیات سے محرو م دکھائی دیتا ہے۔
اسلئے آرمی چیف اس جانب بھی نظر ڈالیں اور جس طرح انہوں نے عوام پاکستان کو دہشتگردوں سے نجات دلانے کیلئے دیانتدارانہ و ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے اسی طرح کرپشن و ظلم کے خاتمے اور تعلیم کے فروغ کیلئے بھی دیانتدارانہ و ذمہ دارانہ کردار ادا کریں کیونکہ عوام حکمرانوں و سیاستدانوں سے مایوس ہوچکے ہیں اور اب انہیں صرف عدلیہ و فوج سے انصاف و تحفظ کی توقع و امید ہے۔