وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری شروع کر دی

Budget

Budget

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری شروع کردی۔ اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بجٹ سازی کے لیے فیلڈ فارمیشنز اور متعلقہ اداروں سے بجٹ تجاویز مانگ لی ہیں تاکہ آئندہ مالی سال کے لیے بجٹ سازی میں پارلیمنٹ کے کردار کو مزید بڑھایا جا سکے اور بجٹ تجاویز کا متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے ذریعے جائزہ لیا جاسکے۔

جس کے لیے ایف بی آر کی جانب سے ایف پی سی سی آئی سمیت ملک بھر کے تمام چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدور کو مراسلہ بھجوایا گیا ہے جس میں ان سے بجٹ تجاویز مانگی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ نے مالی سال 2016-17کے وفاقی بجٹ اوروسط مدتی بجٹری فریم ورک کی تیاری کا شیڈول بھی تیار کرلیا ہے جس کے تحت تمام وزارتوں اور ڈویژنوں سے رواں مالی سال کے نظرثانی شدہ بجٹ تخمینہ جات بھی 16 فروری تک طلب کیے گئے ہیں۔