وزیر اعظم نواز شریف نے اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

ژوب (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے پاک چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ مغل کوٹ کیرج وے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خوشحالی بلوچستان سے شروع ہو گی، گوادر سے کراچی تک کوسٹل ہائی وے کو بہترین موٹر وے بنا کر رہیں گے ان کا کہنا تھا کہ اقتصادی راہداری پروجیکٹ کی حمایت پر سیاسی جماعتوں کا شکر گزار ہوں۔

2017 کے آخر تک منصوبے مکمل ہو جائیں گے، 243 کلومیٹر لمبی سڑک اپریل 2016 تک مکمل ہو جائے گی اور اس کی فنڈنگ اپنے ترقیاتی بجٹ سے کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ 3 سے 4 برسوں میں 150 سے 200 ارب روپے سڑکوں کیلئے خرچ کر رہے ہیں اور گوادر بہترین پورٹ بن رہا ہے۔

گوادر میں شاہکار ائیر پورٹ بھی بنا رہے ہیں، مغربی روٹ اور موٹر ویز کی تعمیر پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں، بلوچستان میں سڑکوں کا جال بچھا رہے ہیں، گوادر سے کراچی تک کوسٹل ہائی وے کو بہترین موٹر وے بنا کر رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں افغانستان، ترکمانستان، ازبکستان، تاجکستان تک جانا ہے، گوادر سے ہوشاب تک سڑک اگلے ماہ مکمل ہو جائے گی یہ سڑک 194 کلو میٹر طویل ہے، ہم افغانستان سے بھی آگےعلاقوں تک تجارتی راستے بنائیں گے۔