لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے حاملہ خاتون جاں بحق ہو گئی جبکہ ڈاکٹروں کی کوشش سے بچہ بچ گیا ، انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کرا دیا گیا۔
لاہور میں ڈکیتی مزاحمت کے دوران قتل ہونے والی حاملہ خاتون کے بچے کو انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے ، بچہ وینٹی لیٹر پر ہے تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ مقتولہ کا نماز جنازہ عصر کے بعد ادا کیا جائے گا۔
منگل کی رات سندر داس روڈ پر موچی گیٹ کا رہائشی عثمان اپنی حاملہ بیوی کے ساتھ جا رہا تھا کہ مسلحہ ڈاکوں نے انہیں روک کر لوٹنے کی کوشش کی، پہلے تو ڈاکووں نے اسلحے کے زور پر رقم ہتھیائی اور جاتے جاتے خاتون کو گولی مار دی جس سے آمنہ بی بی شدید زخمی ہو گئی اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں انتقال کر گئی۔
سروسز ہسپتال کے ڈاکٹرز آمنہ کو تو نہ بچا سکے تاہم اس کے بچے کو بچانے میں کامیاب ہو گئے جو وینٹی لیٹر پر انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں ہے تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وہ ابھی ڈکیتی میں مزاحمت پر قتل کے حوالے سے ہی تفتیش کر رہےہیں۔