ممبئی (جیوڈیسک) بھارت میں غربت اور مہنگائی اپنی آخری حدوں کو چھو رہی ہے ۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں بھیک مانگنے والوں میں اکیس فیصد بھکاری پڑھے لکھے ہیں ۔ ہتھیاروں کی دوڑ میں پیش پیش رہنے والے بھارت میں غربت و افلاس عروج پر ہے ۔
روزگار نہ ملنے کے باعث لوگ بھیک مانگنے پر مجبور ہو رہے ہیں ۔ بھارت کے سرکاری اداروں کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 3 لاکھ بہتر ہزار افراد بھیک مانگتے ہیں جن میں پچہتر ہزار افراد پڑھے لکھے ہیں جو بھکاریوں کا 21 فیصد بنتے ہیں ۔
ان پڑھے لکھے بھکاریوں نے بارہویں کا امتحان پاس کیا ہوا ہے اور تین ہزار سے زائد ایسے بھکاری ہیں جنہوں نے پروفیشنل ڈپلومہ ، گریجوایٹ یا پوسٹ گریجوایٹ کی ڈگری لی ہوئی ہے۔ یہ صورتحال بھارتی حکومت کی جانب سے ترقی کے دعووں کا پول کھولنے کے لیے کافی ہے۔