کراچی : جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی ضلع وسطی محمد یوسف نے کہا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے ثمرات عوام تک نہیں پہنچ رہے ہیں، حکومت معمولی سے کمی کرکے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمتیں 12 سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہیں لیکن عوام کو ریلیف نہیں دیا جا رہا ہے۔ محمد یوسف نے کہا کہ حکمرانوںکو عوام کی مشکلات و پریشانیوں سے کوئی سرو کار نہیں ہے۔ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر عمل درآمد کیاجا رہا ہے۔ حکمرانوں کے اپنے بچے تو بیرونِ ملک تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ عوام کو غربت اور مہنگائی کی چکی میں پیسا جا رہا ہے۔
حکمران طبقہ عوام کے مسائل حل کر نے کے بڑے دعوے کر تا ہے لیکن حکمرانوں کا طرزِ عمل اور رویہ سراسر عوام دشمنی پر مبنی ہے ۔عوام کے اندر شدید بے چینی اور اضطراب پا یا جاتا ہے اور حکمرانوں نے اپنا رویہ اور طرزِ عمل تبدیل نہیں کیا تو انہیں عوام کے شدید ردعمل کا سامنا کر نا پڑے گا۔ انہوں نے مطالبہ کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کے مطابق پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کی جائے تا کہ عوام کو صحیح معنوں میں ریلیف مل سکے۔