کراچی: امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی تاریخ بے لوث عوامی خدمت کے ساتھ جڑی ہوئی ہے، جماعت اسلامی عوام الناس کے درمیان رہنے والی جماعت ہے اس لئے عوام کے دکھ درد بانٹنے اور ازالہ کرنے میں عوام کے شانہ بشانہ رہتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکٹر 7C نارتھ کراچی میں جماعت اسلامی اور الخدمت کے تعاون سے پانی کے کنویں کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی زون نارتھ کراچی طارق مجتبیٰ و دیگر بھی موجود تھے۔ منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ پانی اللہ کی نعمت ہے، اس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
پسماندہ آبادیاں پانی کے حوالے سخت مشکلات کا شکار ہیں، الخدمت انہیں مسائل کو سامنے رکھتے ہوئے ان آبادیوں میں کنویں، بورنگ اور فلٹریشن پلانٹ نصب کرتی ہے تاکہ پانی کے حوالے سے جو مشکلات رہائشیوں کو ہیں وہ کم ہو سکے، الخدمت اپنے تمام پروجیکٹ کی نگرانی بھی کرتی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ لوگوں کو آگہی بھی فراہم کرتی ہے۔