اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہےکہ پاکستان اور امریکا خطے میں امن کے لیے مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں جب کہ بھارتی وزیراعظم کا حالیہ دورہ پاکستان خطے میں امن کے لیے اہم پیش رفت ہے۔
وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں پاکستان میں نئے تعینات ہونے والے امریکی سفیر نے وزیر اعظم نواز شریف سے پہلی ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، افغانستان کی موجودہ صورتحال، دوطرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے، دونوں ممالک خطے میں امن کے لیے مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں جب کہ بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی کا حالیہ دورہ پاکستان خطے میں امن کے لیے اہم پیش رفت ہے۔
وزیراعظم سے ملاقات میں امریکی سفیرڈیوڈ ہیل نے ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر نواز شریف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے اور امریکا دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستانی کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
امریکی سفیر کا کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید بڑھایا جائے گا اور نواز شریف کے حالیہ دورہ امریکا میں طے پانے والے امور پر توجہ دی جائے گی جب کہ اس پر ہرممکن عملدآمد کی کوشش کی جائے گی۔