کراچی (جیوڈیسک) کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ایم کیو ایم کے قائد سمیت ڈاکٹر فاروق ستار، وسیم اختر اور دیگر کے ایک مرتبہ پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
ایم کیو ایم کے قائد سمیت 20 رہنماؤں اور دو سو نامعلوم کارکنوں پر کراچی کے مختلف تھانوں میں 23 مقدمات درج ہیں۔ ایم کیو ایم کے قائد پر الزام ہے کہ انہوں نے حساس اداروں اور ملکی سالمیت کے خلاف تقریر کی جبکہ ڈاکٹر فاروق ستار، وسیم اختر، نسرین جلیل، خوش بخت شجاعت، رشید گوڈیل، خواجہ اظہار، قمر منصور، رؤف صدیقی سمیت بیس رہنماؤں اور کارکنوں پر الزام ہے کہ انہوں نے تقریر کیلئے سہولت فراہم کی۔
پولیس نے عدالت میں پیش کی جانے والی رپورٹ میں بتایا ہے کہ مفرور ملزموں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے گئے تاہم وہ گرفتار نہیں ہوسکے جس پر عدالت نے ایک بار پھر ملزموں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ عدالت نے ملزمان کو گرفتار کرکے 15 جنوری کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔