لاہور (جیوڈیسک) لاہور ، اسلام آباد ، پشاور سمیت ملک کے کئی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ، دوپہر کو آنے والے زلزلے کے جھٹکے بھلوال ، لوئر دیر ، ہنگو ، شیخوپورہ ، سوات ، سرگودھا ، اٹک ، دیربالا سمیت ملک کے مختلف حصوں میں محسوس کئے گئے ۔
زلزلوں کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد شروع کر دیا ، ریکٹر سکیل پر زلزلوں کی شدت 5٫8 ریکارڈ کی گئی اور اس کی گہرائی 178 کلومیٹرز تھی ، زلزلے کا مرکز افغانستان میں بتایا گیا ہے ۔ زلزلے کے وقت پشاور میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک تقریب سے خطاب کر رہے تھے جنہوں نے فوری طور پر تقریر روک دی اور عوام کو پرسکون رہنے کی ہدایت کی ۔ تاحال زلزلوں کے نتیجے میں کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔