کراچی : بلدیہ کورنگی کا ضلع میں بغیر جازت سائن بورڈ ،شاپ بورڈ،اور اشتہاری بینرز آوایزاں کرنے پر پابندی عائد ،پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لانے کا اعلان کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نے محکمہ ایڈورٹائز منٹ بلدیہ کورنگی کو ضلع کورنگی کی حدود میں بغیر اجازت تمام اشتہاری سائن بورڈز اُتارنے کی ہدایت کی ہے
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے کہا ہے کہ شاہراہوں ،فٹ پاتھوں فلائی اوورز ،پلوں اور سنٹرل آئی لینڈ ،گرین بیلٹس پر لگا ئے گئے تمام اشتہاری میٹریل اُتارنے کی فوری ہدایت کرتے ہوئے محکمہ ایڈورٹائز منٹ کے افسران و عملے کو ہدایت کی ہے کہ وہ فرض شناسی کے ساتھ اپنے فرائض کی انجام دہی کو یقینی بنائیں اور ادارے کے وسائل میں اضافے کے لئے ٹیکس نیٹ ورک کو فعال بنائیں ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے محکمہ ایڈورٹائز منٹ کے پہلے تعارفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں بلدیہ عظمیٰ کراچی سے بلدیہ کورنگی کو منتقل ہونے والے محکمہ لوکل ٹیکس کے افسران و عملہ موجود تھا۔
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نے کہاکہ فرائض میں غفلت اور عوامی خدمات کے حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی افسران و ملازمین باہمی ٹیم ورک کے ساتھ ادارے کی کار کردگی کو مثالی بنا نے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں اور کاوشوں کو بروئے کار لائیں ۔محکمہ ایڈورٹائز منٹ کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضلع کورنگی کی حدود میں لگے تمام سائن بورڈز، پائلون ،شاپ بورڈز ،سن شیڈز کا سروے کرکے رپورٹ مرتب کریں۔کسی بھی علاقے میں غیر قانونی سائن بورڈز کو برداشت نہیں کیا جائیگا ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے کہاکہ بہت جلد بائی لاز بنائے جائیں گے اس پر عمل کرتے ہوئے نہ صر ٹیکس کے نظام کو بہتر بلکہ غیر قانونی اقدامات کی روک تھام کو بھی یقینی بنا یا جائیگا۔