لاہور (جیوڈیسک) قذافی سٹیڈیم میں جاری تربیتی کیمپ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وقار یونس کا کہنا تھا کہ سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ فاسٹ بولر محمد عامر کے بارے میں میرا موقف مثبت رہا ہے۔
محمد عامر نے اپنی سزا پوری کر لی ہے اور اب وہ قومی ٹیم میں شمولیت کے اہل ہیں۔ انہیں ٹیم میں خوش آمدید کہتے ہیں اور امید ہے کہ وہ ٹیم کو اپنا سو فیصد دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سلمان بٹ اور محمد آصف کو بھی دوسرا موقع ملنا چاہیے۔ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ لیگ سپنر یاسر شاہ کا ڈوپ ٹیسٹ میں معطل ہونا ہمارے لیے پریشان کن ہے۔ دورہ نیوزی لینڈ میں ان کی کمی محسوس ہوگی تاہم انہیں اپنی ٹیم پر اعتماد ہے۔
یاسر شاہ کی عدم موجودگی میں نوجوانوں کے پاس موقع ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے جاری تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس پر بھرپور توجہ مرکوز کی ہے۔
ہم تیز اور مثبت کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں کیونکہ ون ڈے کرکٹ میں 300 کا ہدف معمول بن گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم سیریز میں سخت حریف ثابت ہوگی۔