اسلام آباد (جیوڈیسک) موجودہ حکومت نے اپنے ڈھائی سالہ دور اقتدار کے دوران 2759 ارب روپے کے ملکی قرضے حاصل کیے جبکہ با اثر افراد کے 30 ارب سے زائد کے قرضے معاف کر دیے، اس وقت پاکستان کے ذمے مجموعی خالص بیرونی قرضہ 51.80 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔
’’ دستاویزات کے مطابق موجودہ حکومت نے اپنے ڈھائی سالہ دور میں حکومتی کاروبار چلانے کے لیے 2759 ارب روپے کے ملکی قرضے حاصل کیے، ان قرضوں پر سود کی مد میں 9 فیصد سے 10.96 فیصد کی ادائیگی کی جائے گی،یہ قرضے 1 سال کی مدت سے 10 سال کی مدت کے لیے لیے گئے ہیں، موجودہ حکومت اپنے دور اقتدار کے دوران ان قرضوں کی مد میں صرف 650ارب روپے کی قرضے کی ادائیگی کرے گی جبکہ 2109 ارب روپے کے قرضے بعد کی آنے والی حکومتیں ادا کریں گی۔
دستاویزات کے مطابق گزشتہ 2سال کے دوران ملک کے مختلف بینکوں سے با اثر افراد کے 30 ارب روپے کے قرضے معاف کر دیے گئے ہیں، سال 2013 کے دوران 17ارب 75کروڑ سے زائد کے قرضے معاف کیے گئے ہیں جبکہ 2014 کے دورا 12 ارب 60 کروڑ 17 لاکھ روپے سے زائد کے قرضے معاف کیے گئے ہیں۔ دستاویزات کے مطابق اس وقت پاکستان کے ذمے مجموعی خالص بیرونی قرضہ 51.80 ارب ڈالر ہے۔