اسلام آباد: تہران میں سعودی سفارت خانہ جلانا افسوس ناک ہے۔ ایران سعودی کشیدگی نہ صرف خطے بلکہ امت مسلمہ کے لئے تشویش ناک ہے۔دونوں ممالک کو اسلامی تعلیمات پر عمل کر کے دنیا کو امن کا گہوارہ بنانا چاہئے۔تحریک انصاف فرقہ بندی کی سیاست کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات انجینئر افتخار چودھری نے اخباری بیان میں ایران سعودی عرب کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے انہوں نے کہا ایران اور سعودی عرب امت مسلمہ کے انتہائی اہم رکن ہیں انہیں دنیا میں اسلام کے امن و سلامتی کے پیغام کو مل کر آگے بڑھانا ہو گا۔
او آئی سی کو اس مسئلے پر اسلامی ممالک کا اجلاس بلانا چاہئے جو اسلام آباد، انقرہ یا قاہرہ میں ہو۔
تہران میں سعودی سفارت خانہ جلائے جانے سے نفرتیں پھیلیں گی اس قسم کے واقعات نہیں ہونا چاہئیں جس سے اشتعال اور نفرت پھیلتی ہے۔انہوں نے کہا تحریک انصاف فرقہ بندی کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔
اس وقت امت مسلمہ کو شیعہ سنی تفریق سے باہر ہو کر اسلام دشمن سازشوں کا مقابلہ کرنا ہو گا ورنہ خطے کے ممالک میں عراق اور شام کی صورت حال پید ا ہو سکتی ہے۔