اسلام آباد (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ آصف زرداری کا یہ کہنا درست ہے کہ نیشنل ایکشن پلان ن لیگ ایکشن پلان بن چکا ہے، مولانا عبد العزیز کے خلاف ثبوت مانگے جاتے ہیں لیکن سندھ حکومت رینجرز کی کارروائی سے قبل ثبوت مانگے تو وفاق شاہی فرمان جاری کر دیتا ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں صدارتی خطاب پر بحث کے دوران حکومتی رکن ماروی میمن نے کہا کہ وفاق اور صوبوں میں بداعتمادی کی بات کرنا مناسب نہیں، اس سے صوبائیت کو ہوا ملتی ہے، حکومت بین الصوبائی ہم آہنگی پر عمل پیرا ہے۔
تحریک انصاف کے شفقت محمود نے مطالبہ کیا کہ پٹھان کوٹ دہشت گردی کے بارے میں بھارت کی طرف سے دی جانے والی معلومات اور سیکرٹری خارجہ کی مجوزہ ملاقات کے بارے میں ایوان کو اعتماد میں لیا جائے۔