فیصل آباد : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنما وصدر انجمن تاجران منٹگمری بازار حافظ طاہر جمیل میاں نے کہا ہے کہ بھارت نے پٹھان کوٹ ائیربیس پر حملے کا الزام پاکستان پر لگا کر اپنی نااہلی چھپانے کی کوشش کی ہے۔ دنیا کی دوسری بڑی فوجی طاقت ہونے کے دعویدار بھارت سے 6 دہشتگرد تو چار روز میں زندہ نہیں پکڑے جا سکے۔
اپنے 15 فوجی مروا کر 6 دہشتگرد مار کر اس نے کونسا تیر مار لیا ہے۔ اب جبکہ پوری بھارتی قوم مودی حکومت کی اس بزدلی اور نااہلی سے آجز آ گئی ہے تو حکمرانوں نے ان کا ذہن بدلنے کیلئے پاکستان پر الزام لگا کر ایک اور بزدلی دکھائی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے مودی کو فون کر کے ان حملوں کی تحقیقات کیلئے تعاون کا یقین دلا کر بڑے پن کا ثبوت دیا ہے۔
تاہم مودی سرکار میاں نواز شریف کی اس مفاہمانہ پالیسی کو بزدلی یا منت سماجت نہ سمجھنے پاکستان تو خود بری طرح دہشتگردی کا شکار ہے اور اس کی ہر سطح پر مذمت کرتا آیا ہے۔ خود پاکستان نے دہشتگردوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے ملٹری آپریشنز شروع کر رکھے ہیں اس لیے بھارت الزام تراشی کی بجائے ثبوت دے اور حکومت پاکستان کا تعاون حاصل کرے۔