کراچی (اسٹاف رپورٹر) محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کی جانب سے 2018ءتک بجلی بحران کے خاتمے کے دعوے کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے پانی‘ بجلی اور گیس بحران سمیت دیگر عوامی و قومی مسائل کے حل کے وعدوں اور دعووں کی بنیاد پر اقتدار حاصل کرنے والی جماعت کی حکومتی کارکردگی اس کے انتخابی دعووں اور وعدوں کے برعکس ہے۔
کیونکہ عصر حاضر میں بجلی کی طلب اور رسد کے درمیان 7656 میگا واٹ کا فرق ہے جبکہ حکمران جماعت حصول اقتدار کے بعد اب تک صرف 18 میگاواٹ بجلی ہی نیشنل گرڈ میں شامل کرپائی ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ بجلی کے 43 میں سے 14 پراجیکٹس بند پڑے ہیں جبکہ 21 منصوبے استعدادی پیداوار سے نصف پیچھے ہیںجن کی روشنی میں 2018 ءتک بھی بجلی بحرا ن کا خاتمہ ممکن دکھائی نہیں دیتا۔
اسلئے حکمران جماعت یہ جان لے کہ یہ اس کا آخری اقتدار ہے کیونکہ اب عوام وعدوں ‘دعووں اور نعروں سے مطمئن ہوں گے اور نہ ہی سہانے خواب دکھانے والوں کا انتخاب کرینگے انہیں مسائل کا حل اور بجلی و گیس بحران سے نجات چاہئے جس کا واحد حل ایم آر پی کے پیش کردہ فارمولے کے تحت مقامی خود مختاری قائم کر کے ذمہ داریاں و اختیارات ڈویژنل کونسلوں کو تفویض کرنے میں ہی پوشیدہ ہے۔