کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کی 88 ویں سالگرہ کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار عرف امیر پٹی المعروف سورٹھ ویر نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نہ صرف پاکستان کے تمام طبقات اور عوام کو یکجا و متحدکرنا چاہتے تھے۔
بلکہ انہوں نے عالم اسلام کے اتحاد و یکجائیت کیلئے بھی اپنا مثالی کردار ادا کیا اور سرمایہ دارانہ و سامراجی نظام کیخلاف جدوجہد کرتے ہوئے پاکستان کو مستحکم ‘عوام کو خوشحال اور اداروں کو طاقتور بنانے کیلئے بھی کوشاں دکھائی دیئے مگر ان کے نام پر سیاست کرنے والے ان کے افکار و اعمال اور کردار کو فراموش کرکے حصول دولت و طاقت کیلئے سرمایہ دارانہ و سامراجی نظام کو مضبوط کرنے کیساتھ سندھ کارڈ کھیل کر قومی یکجہتی اور پاکستان و عوام کیلئے مشکلات اور زبوں حالی و عدم استحکام کے ساتھ اپنے سیاسی مستقبل کیلئے بھی خطرات پیدا کررہے ہیں۔
جس کے آثار میں بھٹو کی جماعت 2013ءکے انتخابات میں سمٹ کر سندھ کی مقامی پارٹی بن چکی ہے مگر ناعاقبت اندیش اب بھی عقل و ہوش کے ناخن لینے اور بھٹو ازم پر کاربند ہوکر قوم کو مشکلات سے نکالنے پر توجہ دینے کی بجائے اپنے اقدامات و پالیسیوں سے بھٹو کی جماعت کو شکست و ریخت کے آخری کنارے تک لیجانے پر کمر بستہ ہیں۔