کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں شارع فیصل پر تیز رفتار وین بے قابو ہوکر ایف ٹی سی کی عمارت میں گھس گئی۔ حادثے میں 5افراد زخمی ہوگئے۔
شارع فیصل سے صدر کی طرف جاتے ہوئے تیز رفتار وین ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی اور ایف ٹی سی کی عمارت کے دروازے کو توڑتی ہوئی اندر داخل ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق حادثہ وین کا ٹائی راڈ ٹوٹنے سے پیش آیا۔ حادثے کے وقت گاڑی میں 3مرد اور 2خواتین سوار تھیں، جن میں سے 2 خواتین اور ایک مرد کو زخمی حالت میں جناح اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ 2افراد جو کہ گاڑی کے اگلے حصے میں تھے گاڑی دبنے کے باعث پھنس گئے۔ ریسکیو اہلکاروں اور عوام نے وین کو ٹینکر سے باندھ کر پھنسے ہوئے دونوں افراد کو باہر نکالا اور اسپتال منتقل کردیا۔
صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال بھی جائے حادثہ پر پہنچے اور زخمیوں کو گاڑی سے نکالنے کے کام کا جائزہ لیا۔ سہیل انور سیال نے جناح اسپتال میں زخمیوں کی عیادت بھی کی اور ڈاکٹروں کو زخمیوں کو بہتر طبی امداد دینے کی ہدایت کی۔