کراچی (جیوڈیسک) مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے پیپلز پارٹی پربلدیاتی نمائندوں کی خرید وفروخت کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کوکراچی میں بلدیاتی نمائندوں کی خرید و فروخت کی ضرورت نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے تصور میں بھی نہیں کہ کراچی میں دھاندلی کریں، بلدیاتی انتخابات کے فوری بعد ہم نے مینڈیٹ کو تسلیم کیا۔
کراچی میں جنگ ڈریم ہوم ایکسپو کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولابخش چانڈیو نے کہا کہ صوبے نے وفاق کے خلاف بغاوت کی کوئی بات نہیں کی، صوبائی خود مختاری کی حدود میں رہ کر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔
صوبائی مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہم نے جمہوریت کے تسلسل کے لیے مسلم لیگ ن کی حکومت کی مدد کی اور بےجاتنقید برداشت کی، ان کا کہنا تھا کہ میں ن لیگ کی نیت پر کبھی سوفیصد اعتبار نہیں کرتا۔