اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوا۔ وفاقی وزراء اسحاق ڈار، چودھری نثار، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ، سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری، ڈی جی ایم او اور ڈی جی آئی ایس آئی اجلاس میں شریک تھے۔
شرکاء نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے۔ اس حوالے سے پاکستان کی کوششیں کامیاب ثابت ہوئیں تمام ملکی ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کیخلاف پاکستان میں اتفاق رائے پایا جاتا ہے کسی دہشتگرد یا دہشتگرد تنظیم میں کوئی تفریق نہیں۔
اپنی سرزمین کسی بھی دہشتگردی کیلئے استعمال نہیں ہونے دینگے۔ اجلاس کے شرکاء نے پٹھان کوٹ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بھارت کیساتھ مکمل تعاون کرینگے۔ بھارت کی جانب سے فراہم کردہ معلومات پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے بعد شرکاء نے پٹھان کوٹ حملے سے متعلق بھارتی حکومت سے رابطہ رکھنے کا فیصلہ کیا۔
شرکاء نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ اعلیٰ سطح کے رابطوں پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کو جامع، بامقصد مذاکرات کے حوالے سے پرعزم رہنا چاہیے۔