لاہور (جیوڈیسک) بلاول ہاؤس لاہور میں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کی زیر صدارت اعلیٰ سطح مشاورت کے بعد میڈیا بریفنگ میں اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ کچھ فیصلے کیے ہیں جن پر آئندہ چند ہفتوں میں عمل درآمد ہوگا۔
اجلاس کے شرکاء کا اس امر پر اتفاق تھا کہ سعودی عرب اور ایران کی کشیدگی پر حکومت کو دانشمندانہ حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔
اعتزاز احسن نے سعودی عرب ایران میں کشیدگی کے معاملے پر پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون اور آئین کی پاسداری تب ہی ہو سکتی ہے جب کوئی مقدس گائے نہ ہو اور قانون کا یکساں اطلاق ہو۔ پارٹی اجلاس میں سندھ رینجرز کو کرپشن کے معاملات ہاتھ میں لینے کے وفاقی اختیار پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ رینجرز صرف دہشتگردی کے خلاف کارروائی کر سکتی ہے۔ پارٹی قیادت کا کہنا تھا کہ احتساب بھی صرف سندھ کا کیا جا رہا ہے۔