لاہور (جیوڈیسک) کہیں تیز بارش اور کہیں بوندا باندی کی وجہ سے ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی نےرنگ جما دیا، آسمان سے بوندیں گریں تو خشک موسم کے ستائے چہرے کھل اٹھے، زیارت میں برفباری کے بعد ہر طرف سفیدی بکھر گئی۔
محکمہ موسمیات نے ملک کے زیادہ تر علاقوں میں مزید مینہ برسنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ خشک سردی کے ستائے چہروں کی سنی گئی ، ملک کے بیشتر علاقوں میں آسمان سے گرتی بوندوں نے خشک موسم بھگو دیا۔ جڑواں شہروں میں بوندا باندی سے روٹھی سردی لوٹ آئی، آسمان پر گہرے سیاہ بادل مزید بارش کا پتہ دے رہے ہیں۔
ملتان اور گردو نواح میں بھی موسم سرما کی پہلی بارش سے سردی کی شدت بڑھ گئی اور شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔ دوسری طرف پشاور، چارسدہ سمیت خیبر پختونخوا میں بھی مینہ برسا تو موسم خوشگوار ہو گیا، صوبے کے زیادہ تر علاقوں میں موسم آبر آلود اور آسمان پر بادلوں کاراج ہے۔
فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، اٹک کبیر والا اور دیگرشہروں میں بھی بارش کے بعد موسم کی رنگینی بڑھ گئی ، پارہ گرنے سے شدید سردی کی لہر لوٹ آئی۔