مصطفی آباد/للیانی (نامہ نگار) مسلم لیگ ن بجلی بحران پر قابو پا کر ملک میں روشنیاں بکھیرے گی، تمام سیاسی جماعتیں منفی سیاست چھوڑ کر ملک و قوم کی بہتری کیلئے مسلم لیگ ن کا ساتھ دیں، مسلم لیگ ن کی عوام دوست پالیسیوں کی وجہ سے مسلم لیگ ن عوام میں دن بدن مضبوط اور مقبول ہو رہی ہے۔
آنے والا دور بھی مسلم لیگ ن کا ہی ہو گا، این اے 138 میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا ہے، عوام کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنے کا تہیہ کر لیا ہے، ان خیالات کا اظہار ایم این اے مسلم لیگ ن این اے 138 چوہدری سلمان حنیف خاں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور سے پورے پاکستان کو فائدہ ہوگا۔اس قومی منصوبے کو متنازعہ بنانے کی کوشش کرنے والے قوم کی خدمت نہیں کر رہے۔
قومی اہمیت کے اس منصوبے میں تمام سیاسی جماعتوں کو حکومت کے ساتھ تعاون کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان سے غریب، جہالت اور بیروزگاری کے اندھیرے دور ہوں گے۔ پاکستان ترقی کرے گا، ملک کے تمام ادارے مضبوط ہوں گے اور اپنی آنے والی نسلو ںکو چمکتا، دمکتا اور خوشحال پاکستان دیں گے۔ پاکستان ہم سب کا ہے اور ہمیں مل کر اسے ترقی دینا ہے۔ پاکستان کی ترقی کے سفر کو ملک کی تمام اکائیوں کو غلط فہمیوں کو دور کرکے مل کر طے کرنا ہے۔
پنجاب نے جس طرح نیشنل فنانس کمیشن ایوارڈ کی منظوری میں اپنے حصے کی قربانی دی، اسی طرح آئندہ بھی پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور مضبوطی کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف کی قیاد ت میں پاکستان کو مسائل کے گرداب سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی منزل سے ضرور ہمکنار کریں گے۔