اسلام آباد (جیوڈیسک) ذرائع کے مطابق چودھری سرور کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کی اندرونی سیاست سے مطمئن نہیں ہیں۔ چودھری سرور نے تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت سے بھی رابطہ کیا اور اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔
واضح رہے کہ 2 اگست 2013ء کو گورنر پنجاب کے منصب پر فائز ہونے والے چودھری محمد سرور نے عہدے سے استعفے کے بعد تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ 68 سال بعد بھی ملک سے ناانصافی کا خاتمہ نہیں ہوا اور اب ہمیں لوگوں کو انصاف دلانے کے لیے جدوجہد کرنی ہے۔ گورنر پنجاب کے عہدے سے استعفیٰ دینے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ وہ عوام کے لیے کچھ نہیں کر سکے تھے، اس لیے انھوں نے گورنر کے عہدے سے استعفیٰ دیا۔
برطانوی شہر گلاسگو میں لیبر پارٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے چودھری سرور 1997ء سے 2010ء تک ہاؤس آف کامن میں بطور رکن خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔ اگست 2013ء میں گورنر پنجاب کا عہدہ سنبھالتے وقت انہوں نے برطانوی شہریت ترک کر دی تھی۔