اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف نے حکومت کی کارکردگی کے خلاف وائٹ پیپرجاری کردیا۔عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے 4ہزار 7سو ارب روپے قرض لے کر معیشت گروی رکھ دی۔
اسلام آبادمیں پریس کانفرنس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا مزید کہنا ہے کہ میٹرو جیسے منصوبوں کے بجائے تعلیم و ترقی پر رقم خرچ کی جاتی تو بہتر نتائج ہوتے،نواز حکومت نے44 ارب ڈالر کے غیر ملکی قرضے لینے کا نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے،بالواسطہ ٹیکسز بڑھائے والی ن لیگ کی تجربہ کار ٹیم نےامیر کو امیر تر اور غریب کو غریب تر کردیا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ وزیر اعظم سن لیں، خیبر پختونخوا میں وی وی آئی پی پروٹول ختم ہوچکا ہے، ان کی آمد پر سڑکیں بند نہیں ہوں گی،ملک میں خوش حالی کےدعوے درست نہیں ،انہوں نے چیلنج کیا کہ وہ اسحاق ڈار کےساتھ مناظرے کیلئے تیار ہیں۔
اس موقع پر اسد عمر نے وفاقی حکومت کی ڈھائی سالہ کارکردگی پر بریفنگ میں بتایا کہ بجلی کی قیمتوں میں 70اور گیس کی قیمتوں میں 68 فیصد اضافہ کیا گیا، ڈیزل 36 روپے فی لٹر مہنگا ہوا، برآمدت میں 11اور قومی پیداروار میں 18 فیصد کمی آئی، گزشتہ دو سال میں 15لاکھ لوگ بیروزگار ہوئے۔