اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچا رہی ہیں اور ہم آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رکھیں گے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے کوئٹہ میں دھماکے کے نتیجے میں جانی نقصان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک سے دہشتگردی اور انتہا پسندی کا جڑسے خاتمہ کرنے کے لئے پرعزم ہیں، ہماری مسلح افواج اور دیگر ادارے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچا رہے ہیں، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں ہونے والی مذموم کارروائیاں دہشت گردوں کی سوچ کی عکاسی کرتی ہیں، اس قسم کے حملے دہشت گردوں کی بوکھلاہٹ اور ذہنی شکست کا اظہار ہیں، ہم انتہا پسند سوچ اور نظریے کا خاتمہ کرکے رہیں گے۔