تحریر: میر شاہد حسین جن لوگوں نے نوکیا موبائل استعمال کیا ہو وہ جانتے ہیں کہ یہ وہ پہلی کمپنی ہے جس نے پاکستان میں سب سے پہلے پائیدار، مضبوط اور دیرپا چلنے والے موبائل سیٹ متعارف کروائے جن کی آج بھی مارکیٹ میں ری سیل ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ نئی نئی موبائل سیٹ کمپنیوں کی پاکستان میں آمد ہوئی جنہوں نے جدید اور سستے موبائل متعارف کروانے شروع کیے۔ ان کی خاص بات یہ تھی کہ ان میں موجود فیچرز جیسے ٹچ موبائل ، ریڈیو، ٹارچ ، ایک سے زیادہ سم لگانے کی سہولت وغیرہ بیک وقت موجود تھیں۔ پھر اس پر مزید یہ نہایت سستے داموں مارکیٹ میں نظر آنے لگے۔ یہ وہ وقت تھا جب موبائل ہاتھ میں لے کر چلنا ایک اسٹیس کو کا حصہ سمجھا جاتا تھا کیونکہ موبائل سیٹ بہت مہنگے اور عوام کی پہنچ سے دور تھے۔
پھر وقت نے یہ رجحان بدلا اور موبائل پاکستانی عوام کے ہاتھ آگیا۔ اس کے ساتھ بھی عوام نے وہی سلوک کیا جو ہر نئی آنے والی ٹیکنالوجی کے ساتھ پاکستانی عوام کرتی ہے۔ موبائل سیٹ اتنے عام ہوئے کہ اب گدھا گاڑی والے سے لے کر ایک فقیر کے پاس بھی موبائل آگیا۔ آج بھی اگر آپ کسی جھونپڑپٹی کی طرف چلے جائیں تو وہاں آپ کو لوگ ننگے بھوکے نظر آئیں گے لیکن ان کے ٹوٹے پھوٹے گھروں کے اوپر ڈش ،کیبل اور موبائل ضرور ملے گا۔ شاید یہ وہ چیزیں کہ جن کے بغیر دنیا میں گزارا نہیں ہوتا۔
موبائل کے عوام کے ہاتھ آنے سے گویا عوام کو گویائی مل گئی۔ جسے دیکھو موبائل پر کسی نہ کسی سے بات میں مصروف نظر آئے گا۔ کوئی راہ چلتے موبائل پر بات کرتے ہوئے چلتا دکھائی دے گا تو کوئی گاڑی چلاتے ہوئے کانوں سے موبائل یا ہینڈ فری لگائے دکھائی دے گا۔کوئی راہ چلتے موبائل سے سلفیاں اتار رہا ہے تو کوئی موبائل پر ٹیکسٹ میسجز کرنے میں مصروف ہے۔
Mobile
وقت نے گویا سب کچھ بدل کر رکھ دیا۔ لوگ جو ملنے کے لیے دور دراز سے ایک دوسرے کے گھر آیا جایا کرتے تھے ، اب موبائل پر بات کرکے وقت بچالیتے ہیں اپنوں سے جڑے لوگ گھر کے اپنوں سے بھی دور چلے گئے ہیں۔ ناشتہ کی میز پر بیٹھابچہ اپنے والد کو دیکھ رہا ہے جو ناشتہ کے ساتھ ساتھ موبائل سے بھی لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ اسکول میں بچے پڑھنے کے بجائے موبائل سے استفادہ کرنا زیادہ پسند کرتے ہیں۔ ہمارے پاس وقت نہیں کہ ہم ایک دوسرے کے آمنے سامنے بیٹھ کر بات کرسکیں۔لکھنے پڑھنے کا رجحان تو پہلے بھی نہیں تھا اور موبائل نے رہی سہی کسر بھی نکال دی اور ایک ایسی زبان متعارف کروا دی جسے پتا نہیں کیوں رومن اردو کا لقب دے دیا گیا ۔ خط لکھنے کا رواج گویا ختم ہو کر رہ گیا اور پھر جواب کا انتظار ۔ سب کچھ ختم ہو گیا۔پہلے گھڑی ختم ہوئی پھرریڈیو ختم ہوا ، پھر ٹارچ ختم ہوئی اور اب کیمرے بھی مارکیٹ سے غائب ہورہے ہیں۔
آج اگر صحیح معنوں میں کوئی کمپنی پاکستان میں بزنس کررہی ہے تو وہ یہی موبائل کمپنیاں ہیں جن کے اشتہارت سے ایسا دکھائی دیتا ہے جیسے پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ موبائل ہی ہے۔ لیکن افسوس ناک بات یہ ہے کہ جیسے جیسے موبائل کے کسٹمرز میں بے حساب اضافہ ہوا ہے اسی قدر موبائل کے سیٹ اور ان کی کوالٹی میں بھی فرق آیا ہے۔ لوگ ایک سیٹ ایک سال وارنٹی میں رکھ کر وارنٹی ختم ہونے سے پہلے فروخت کرنے کو ترجیح دیتے ہیں ۔ اس سے ان کو شاید اچھی قیمت نہ ملتی ہو لیکن پاکستانی عوام تبدیلی چاہتے ہیں۔ چاہے وہ موبائل ہی کی تبدیلی کیوں نہ ہو۔ استعمال کرو اور پھینکو کی پالیسی نے پاکستانی عوام کے نفسیاتی رجحان میں بھی تبدیلی پیدا کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ لوگ ایک دوسرے سے دوستی کرکے نبھانے کے بجائے استعمال کرکے بھول جاتے ہیں یا چھوڑ دیتے ہیں۔
میں ذاتی طور پر خریدتے وقت پرانی چیزوں کو نہ صرف پسند کرتا ہوں بلکہ پائیدار اور مضبوطی کو ہمیشہ پیش نظر رکھتا ہوں۔ یہی سوچ کر نوکیا کا ایک موبائل سیٹ خریداتھاکہ جس میں شاید وہ سب فیچرز نہیں تھے جو ایک اچھے موبائل کی پہچان سمجھے جاسکتے ہوں۔ لیکن پچھلے دنوں یہ موبائل بھی چھ ماہ بعد ہی دھوکہ دے گیا۔ میں نے موبائل کا وارنٹی کارڈ نکالا اور اس پر دیئے گئے کسٹمر کیئر سینٹر گلشن اقبال برانچ جا پہنچا۔ وہاں پہنچ کر پتا چلا کہ اسے یہاں سے بند ہوئے ایک عرصہ بیت چکا ہے اور اب ان کا صرف ایک ہی آفس ہے جو عبداﷲ ہارون روڈ پر واقع ہے۔
Mistake
ایک بار غلطی کرنے کے بعد دوبارہ غلطی کرنا کچھ مناسب نہ تھا اس لیے پہلے گوگل کے نقشہ پر اسے تلاش کرکے اس بات کو یقینی بنایا کہ اب یہ غلطی نہ ہونے پائے۔ لیکن جب یہاں پہنچے تو پتا چلا کہ یہاں سے تھوڑا دور عمہ ٹاور، فاطمہ جناح روڈپر شفٹ ہوگیا ہے۔ تھوڑی دیر بعد یہاں پہنچے تو یہاں پہنچ کر پتا چلا کہ میرے موبائل میں ایک دلچسپ فیچر ہے جس سے میں اس سے قبل واقف نہ تھا اور وہ یہ کہ موبائل بولتا بھی ہے۔ خراب ہونے والے موبائل نے بتایا کہ اس میں پانی گیا ہے۔ اس سے قبل ٹیکنیشن نے سیٹ دیکھتے ہی بتادیا تھا کہ یہ کہیں گرا ہے۔ اس لیے وارنٹی کلیم نہیں ہوسکتی۔ میں یہاں سے نامراد لوٹنے والا اکیلا شخص نہ تھا بلکہ اس سے قبل بھی میرے سامنے کئی حضرات لڑتے جھگڑتے جاچکے تھے ۔ یہ ایسا سانحہ پہلی بار نہیں ہوا بلکہ کئی بار میرا سابقہ دوسری موبائل کمپنیو ں کے ساتھ بھی پیش آچکا ہے ۔ وانٹی دینا ایک بات ہے اور اسے نبھانا دوسری بات۔
یہ واقعہ سنانے کا مقصد صرف یہ ہے کہ میرا سیٹ تو سستا سا تھا جسے میں ٹھیک کروا لوں گا لیکن موبائل سیٹ کمپنیوں کو دیکھنا چاہیے کہ وہ لوگوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہیں اگر وہ اشتہارات کے بجائے کسٹمرز پر تھوڑا پیسہ خرچ کردیں تو شاید ایک بار کسٹمر بننے والے کسی دوسرے کے پاس کبھی نہ جائیں اور اگر آپ نے وارنٹی کو نبھانا نہیں ہے تو برائے کرم اس طرح لوگوں کو خوار نہ کریں۔
موبائل کے ساتھ دیئے گئے وارنٹی کار ڈ پر دیئے گئے تمام پتے اور نمبرز غلط شائع کرنے کا مطلب یہی ہے کہ آپ کس قدر کسٹمرز کے ساتھ سنجیدہ ہیں۔آج میں نے آپ کے سامنے موبائل کا وہ فیچر رکھا ہے جس سے آپ اس وقت واقف ہوں گے جب آپ کا موبائل وارنٹی کے اندر خراب ہوگا۔یہ بات حقیقت ہے کہ جب تعداد بڑھ جائے تو معیار میں فرق آہی جاتا ہے۔ اور ویسے بھی ہم معیار کے نہیں تعداد کے قائل ہیں!!