کوئٹہ (جیوڈیسک) بلوچستان کے نئے وزیراعلی نواب ثنا اللہ زہری نے صوبائی کابینہ تشکیل دے دی۔
وزیراعلی بلوچستان نواب ثنااللہ زہری نے پہلے مرحلے میں کابینہ میں 12 وزرا اور 5 مشیروں کو شامل کیا تاہم کابینہ میں کسی خاتون رکن کو شامل نہیں کیا گیا جب کہ کابینہ میں شامل کیے جانے والے 12 وزرا کی تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس میں ہوئی جہاں گورنر محمد خان اچکزئی نے ان سے حلف لیا۔ کابینہ میں جن اراکین کو بطور وزیر شامل کیا گیا ہے ان میں مسلم لیگ (ن) سے نوابزادہ جنگیزمری، میرسرفراز بگٹی اور میرسرفراز ڈومکی شامل ہیں۔
مخلوط حکومت میں شامل دوسری بڑی جماعت پشتونخوا ملی عوامی پارٹی سے سردار مصطفیٰ خان ترین، حامد خان اچکزئی، نواب ایاز خان جوگیزئی اورعبد الرحیم زیارتوال کو بطور وزیر لیا گیا جب کہ تیسری بڑی جماعت نیشنل پارٹی سے جن اراکین کو وزیرکے طور پر لیا گیا ان میں نواب محمد خان شاہوانی، میر رحمت بلوچ، سرداراسلم بزنجو اورمیر مجیب الرحمان محمد حسنی شامل ہیں۔
مسلم لیگ (ق) بھی بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) کی اتحادی جس جس کے رکن اسمبلی شیخ جعفر خان مندوخیل کو وزیرکی حیثیت سے کابینہ میں شامل کیا گیا ہے جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ میں توسیع کے مرحلے میں مسلم لیگ (ن) سے مزید 2 اراکین کو بطور صوبائی وزیر شامل کیا جائے گا۔
کابینہ میں جن اراکین کو مشیر کے طور پر لیا گیا ہے ان میں نیشنل پارٹی کے میر خالد لانگو، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سردار رضا محمد بڑیچ، عبیداللہ بابت اور مسلم لیگ (ن) کے سردار درمحمد خان ناصر اور محمد خان لہڑی شامل ہیں۔ جن اراکین کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے ان میں درمحمد ناصرکے سوا باقی تمام وہی چہرے ہیں جو سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی کابینہ کا حصہ تھے۔