پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کی پہلی مشترکہ اپیکس کمیٹی کا اجلاس آج پشاور میں ہوگا، دہشت گردی کی مجموعی صورتحال اور اقتصادی راہداری کے روٹ پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ خیبر پختونخواہ کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان کی مشترکہ سربراہی میں2 صوبوں کی مشترکہ اپیکس کمیٹی کا پہلا اجلاس پشاور میں منعقد ہوگا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں دونوں صوبوں کے چیف سیکرٹریز، آئی جی پولیس ، راولپنڈی اور پشاور کے کورکمانڈرز بھی شرکت کریں گے ۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں دونوں صوبوں میں دہشت گردی کی صورت حال اور اقتصادی راہدری منصوبے کی سیکیورٹی کے بارے امور بھی زیر غور آئیں گے۔