کراچی : معروف مذہبی اسکالر و جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہاکہ پاک چین راہداری کو متنازعہ بنانے کی کوششیں نہ کی جائیں۔
یہ منصوبہ بلاشبہ پورے ملک کی ترقی راہداری ہے ،بعض سیاستدانوں کا منصوبے کی آڑ میں قومیت پرستی کو ہوا دینا افسوسناک ہے، حکومت کا تمام جماعتوں سے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا مشاورت کرنا خوش آئند ہے،اسمبلی فلور پر مسئلہ حل کیا جائے۔
جمعرات کوجامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمد نعیم نے کہاکہ ایک طرف عالمی سطح پر پاک چین راہدری کے خلاف پروپگنڈے جاری ہیں تو دوسری جانب ہمارے حکمرانوں اور اسٹیک ہولڈرز کے رویے پاک چین راہ داری منصوبوں کیلئے رکاوٹ بن رہے ہیں اور بعض سیاستدان اس منصوبے کی آڑ میں قومیت پرستی کو فروغ دینے میں مصروف ہیں، انہوں نے کہاکہ قومی ولسانی اکائیوں میں قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش نہ کی جائے اس طرح کی تقسیم ہمیشہ سے نقصان کا باعث بنی ہے ماضی میں سانحہ سقوط ڈھاکہ کی سب سے بڑی وجہ قومیت پرستی تھی۔
انہوں نے کہاکہ پاک چین منصوبہ کسی ایک صوبے یا قومیت کا نہیں بلکہ پوری پاکستان کاہے اس کو متنازع بنانے کے بجائے پیچیدگیوں کو باہم مشاورت سے حل کیا جائے، انہوں نے کہاکہ حکمران ذاتی فوائد کے بجائے قوم کے فائدے کا سوچیں ذاتی مفادات کی سیاست ہر دور میں ملک نقصان پہنچاتی رہی ہے اسلئے باہم تنازع سے گریز کرتے ہوئے اس منصوبے کی تکمیل کیلئے کوششیں تیز کی جائیں۔
انہوں نے کہاکہ پاک چین راہداری منصوبے پر حکومت واپوزیشن میں موجود بعض عناصر کی طرف سے غیر ذمہ دارانہ بیان بیازی سے قوم میں تشویش پھیل رہی ہے منصوبہ پاکستان کے مفاد میں ہے تو پھر اسے جلد شروع کیاجائے اور پارٹیوں کی طرف سے اے پی سی کے بعد حکومت کا تمام جماعتوں سے مشاورت خوش آئند ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ اس معاملے کو مزید پیچیدہ بنانے کے بجائے تمام تنازعات کو اسمبلی کے فلو پر حل کیے جائیں۔