کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے نامزد میئرکراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ شہر قائد کے باسیوں سے وعدہ کرتے ہیں کہ ان کے مسائل حل کریں گے جس کے لئے سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
کراچی کے ضلع شرقی سے کامیاب ہونے والے چئیرمین اورایم کیو ایم کے نامزد مئیر کراچی وسیم اخترنے حلف برداری کی تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے مسائل حل کرنے کے لئے پرعزم ہیں اوروعدہ کرتا ہوں کہ شہرقائد کے باسیوں کے تمام مسائل کو حل کریں گے۔
لیکن ابھی تک منتخب نمائندوں کو اختیارات نہیں دیئے گئے، ہم اختیارات کے لئے کراچی کی تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر جدو جہد کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت کے لئے سیاسی وابستگی سے بالا ترہوکرسوچنا پڑے گا،کراچی کی دیگر جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا ہو گا اور ہم سب کو ساتھ ہی لیکرچلیں گے۔
نامزد میئر کراچی کا کہنا تھا کہ میں تمام سیاسی جماعتوں کو عوامی مسائل کے حل کے لئے مل کر چلنے کی پیش کش کرتا ہوں اور اپیل کرتا ہوں کہ عوام کے منتخب کردہ نمائندوں کو مکمل اختیارات جلد دیئے جائیں، مجھے امید ہے کہ تمام سیاسی رہنما اس مشن میں ہمارا ساتھ دیں گے۔