حکمران جمہوریت کی آڑ میں شہنشاہیت قائم کر رہے ہیں ‘ جی کیو ایم

Democracy

Democracy

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کرمنل پراسیکیوشن سروس ترمیمی بل 2015 ءکی سندھ اسمبلی میں منظوری کے ذریعے سندھ حکومت کو ملزموں کی رہائی اور عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات ختم کرنے کا اختیار تفویض کئے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی عرف پٹی والا المعروف سورٹھ ویر نے کہا کہ جمہوریت کا مطلب عوامی رائے سے عوامی وقومی مفادات کا تحفظ کرنے والی ایسی عوامی حکومت ہے جس میں ہر ادارہ اپنے دائرہ کار میں فعال کردار ادا کرے۔

مگرسندھ حکومت کی جانب سے بلدیاتی ‘ تفتیشی وتحقیقاتی اور دیگر اداروں سمیت عدلیہ تک کے اختیارات پر قبضہ کی کوشش نہ تو عوامی و قومی مفاد میں ہے نہ ہی جمہوریت ہے بلکہ یہ آمریت سے بھی آگے کا اقدام ہے جسے تشکیل شہنشاہیت اور مطلق العنانیت کہا جاسکتا ہے اس لئے پاکستان کے جمہوری نظام کو شہنشاہیت کے خطرات سے بچانااور اپنے اختیارات کا تحفظ عدلیہ کا فریضہ ہے۔

جس کیلئے قوم سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس کی منتظر اور جمہوریت کی آڑ میں شہنشاہیت قائم کرنے کی سازش کرنے والوں کے احتساب کی منتظر ہے جبکہ قرائن بتارہے ہیں کہ شہنشاہیت کی تشکیل کیلئے اداروں کو یرغمال و غلام بنانے والوں کو جلد رخصت کرکے گھر نہ بھجوایا گیا تو پاکستان دور قدیم کے شہنشاہی اجارہ داری نظام سے دوچار ہوجائے گا۔

قانون ‘ انصاف و انتظام کے اداروں سمیت عوام بھی حکمرانوں کے غلاموں و پیادوں کا کردار ادا کرنے پر مجبور ہوں گے۔