کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کالونی اسپورٹس فٹ بال کلب ملیر سعود آباد کے زیر اہتمام نیشنل بنک آف پاکستان کے تعاون سے کالونی اسپورٹس کمپلیکس ملیر پر جاری آل پاکستان نیشنل بنک فٹ بال ٹورنامنٹ میں پاکستان اسٹیل ملز فٹ بال ٹیم نے مد مقابل مضبوط حریف آسکانی برادرز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 5-0سے شکست دیکر ٹورنامنٹ کی پہلی کامیابی سمیٹ لی جبکہ ٹورنامنٹ میں آسکانی برادرز نے اپنے دونوں میچوں میں ناکام رہی کھیل کے دوران چھٹے منٹ میں ہی پاکستان اسٹیل ملز کے عبدالوہاب نے خوبصورت گول کرکے اپنی ٹیم کو آگے بڑھا دیا جسے کے بعد 16ویں منٹ میں نعمان ،22ویں منٹ میں ناصر احمد ،40ویں منٹ میں طارق خان اور 70ویں منٹ میں ایک بار پھر عبدالواہاب نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو کامیابی دلا نے میں اہم کردار ادا کیا جبکہ آسکانی برادرز کو بھی گول کرنے کے کئی مواقع ملے لیکن غلط نشانہ بازی کے باعث گول اسکور کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ۔
میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز بلدیہ ملیر واصف ظفر سے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا اس موقع پر ٹورنامنٹ آرگنائزر ضمیر السلام ،سرپرست اعلیٰ ڈسٹرکٹ ویسٹ انجینئر محمد ابراہیم بلوچ ،حاجی امیر محمد خان ،ایم خالد نیشنل بنک ،کوارڈینٹر ویسٹ رضا خان و دیگر موجود تھے کھیلے گئے میچ میں ریفریز کے فرائض سراج الدین طالب ،جاوید بنگش ،نصیر عمر بلوچ اور شوکت علی خان نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر ایم خالد نیشنل بنک اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے ۔