لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلی شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت دیہات میں بسنے والے افراد کی ترقی و خوشحالی کو اپنا نصب العین سمجھتی ہے جب کہ 150 ارب روپے کا منصوبہ دیہی آبادی کا طرززندگی بدل دے گا۔
وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں خادم پنجاب دیہی روڈ پروگرام کے دوسرے مرحلے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعلی محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ” پکیاں سڑکاں سوکھے پینڈے “ پروگرام دیہی معیشت کی خوشحالی کے لئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، 150 ارب روپے کا یہ منصوبہ دیہی آبادی کا طرززندگی بدل دے گا، پاکستان کی تاریخ میں دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا اتنا بڑا پروگرام پہلے کبھی شروع نہیں کیا گیا، اس پروگرام کے تحت بننے والی سڑکوں کی دیکھ بھال اور تحفظ ایک قومی ذمہ داری ہے۔
وزیر اعلی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت دیہات میں بسنے والے افراد کی ترقی و خوشحالی کو اپنا نصب العین سمجھتی ہے، سڑکوں کی دیکھ بھال اور حفاظت کے لئے ایک خاص حد سے زائد وزن کی گاڑیاں ان سڑکوں پر نہیں آنی چاہئیں جہاں سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ سے بچانے کے لئے ایکسل لوڈ مینجمنٹ کا موثر نظام وضع کیاجائے جب کہ متعلقہ کمیٹی ایکسل لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے جلد سفارشات کو حتمی شکل دے۔