اسلام آباد (جیوڈیسک) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے نیشنل ایکشن پلان کے تحت فاٹا میں اصلاحات پرتاحال عمل نہیں ہوا، کالعدم تنظیمیں نئے ناموں سے کام کر رہی ہیں، حکومت سے مطالبہ ہے عسکریت پسند اورانتہا پسند تنظیموں سے تعلقات ختم کرے۔
بلاول بھٹو نے زرداری ہاوس اسلام آباد میں مالاکنڈ، ڈیرہ اسماعیل خان اور ہزارہ ڈویژن کے کارکنوںاور پیپلزڈاکٹرز فورم کے وفد سے ملاقات کی اور کہا کہ نواز حکومت کی وجہ سے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہیں ہو سکا، وفاق ملک کو درپیش بقا کے مسئلے سے مکمل طور پر نظریں چرا رہا ہے جبکہ کالعدم تنظیمیں نام بدل کر کام کر رہی ہیں۔
اس موقع پرانہوں نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہ کرنے جیسے مجرمانہ فعل کی مذمت کرتے ہیں، نیشنل ایکشن پلان کے تحت تاحال فاٹا میں اصلاحات نہیں کی گئیں۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ کالعدم تنظیمیں نئے ناموں کے ساتھ کام کر رہی ہیں، پی پی دور میں قانون بنایا گیا تھا کہ کوئی بھی کالعدم تنظیم نئے نام کے ساتھ کام نہیں کر سکتی۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عسکریت پسند اور انتہاپسند تنظیموں کے ساتھ تعلقات ختم کر دے۔