ڈھاکہ (جیوڈیسک) بنگلہ دیش میں عالمی تبلیغی اجتماع کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا ہے جس میں منتظمین کے مطابق لاکھوں افراد شریک ہیں۔
اجتماع کا آغاز گذشتہ روز نمازِ فجر کے بعد دارالحکومت ڈھاکہ کے نواح میں دریائے تراگ کے کنارے قائم کی جانیوالی اجتماع گاہ میں ہوا۔
اتوار تک جاری رہنے والے اجتماع سے بنگلہ دیش کے علاوہ پاکستان اور بھارت کی تبلیغی جماعت سے تعلق رکھنے والے مبلغین اور علمائے دین خطاب کریں گے۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ اجتماع میں تمام خطابات اردو میں ہوں گے جن کا شرکا کی سہولت کیلئے بنگلہ، انگریزی، عربی، تامل، مالے، ترک اور فارسی سمیت کئی زبانوں میں ترجمہ کیا جائیگا۔
بنگلہ دیش میں ہر سال ہونے والے اس تبلیغی اجتماع کا شمار حج کے بعد دنیا میں مسلمانوں کے دوسرے بڑے اجتماع میں ہوتا ہے۔
لاکھوں لوگوں کی آمد اور ان کے قیام سے پیدا ہونے والے انتظامی مسائل سے نبٹنے کیلئے 2011ء سے اجتماع دو مرحلوں میں منعقد ہو رہا ہے۔