کوئٹہ (جیوڈیسک) نواحی علاقے مارگٹ میں ایف سی چیک پوسٹ کے قریب بم دھماکا ہوا، دھماکے میں 6 ایف سی اہلکار شہید جبکہ دو زخمی ہو گئے۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق مارگٹ میں ایف سی کی گاڑی کو اس وقت سڑک کنارے نصب بم کے ذریعے اڑایا گیا جب گاڑی معمول کے گشت پر تھی۔
دھماکے کی آواز دور تک سنائی دی دھماکے میں پانچ ایف سی اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ دو اہلکار شدید زخمی ہوئے جہنیں فوری طور پر سی ایم ایچ منتقل کیا گیا تاہم ہسپتال میں ایک اور زخمی اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
واقعے پر ایف سی اور لیویز کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور تحقیقات شروع کر دیں۔ آئی جی ایف سی میجر جنرل شیر افگن کا کہنا ہے کہ شہدا کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور صوبے میں امن کے قیام تک ایف سی اپنی خدمات جاری رکھے گی۔