فیصل آباد: انجمن تاجران فیصل آباد (فیڈریشن) نے کل فیصل آباد میں ہونیوالے تاجر کنونشن کی مکمل حمایت کرتے ہوئے اس میں بھرپور طریقے سے شرکت کرنے کااعلان کردیا ہے’ صدر رانا تجمل وحید کا کہنا ہے کہ چونکہ یہ کنونشن انجمن تاجران سٹی اور کلاتھ بورڈ کے اشتراک سے ہو رہا ہے اور یہ صرف اور صرف تاجر کاز کے لیے منعقد ہورہا ہے لہٰذا اس معاملے پر کوئی اختلاف نہیں ہے۔
کلاتھ بورڈ ہمارااتحاد ی ہے اور ہم اپنے اتحادیوں کے ہمیشہ شانہ بشانہ رہے ہیں’ کل ہونے والا تاجر کنونشن ایک ملک گیر تحریک کی بنیاد بنے گا’ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو تاجروں کی سیاسی جماعت کہا جاتا ہے مگر جب بھی یہ جماعت اقتدار میں آتی ہے تو سب سے زیادہ تاجروں کو پریشان کرتی ہے’ ہر بار وزیرخزانہ ایسا لایا جاتا ہے جس کا تجارت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔
سلمان شاہ کے بعد اب اسحاق ڈار وزیرخزانہ ہیں مگر بدقسمتی سے ان دونوں کاپاکستان میںکسی بھی قسم کا کوئی کاروبار نہیں سونے کا چمچہ منہ میں لیکر پیدا ہونے والے کیاجانیں کہ متوسط طبقہ کس طرح زندگی گزار رہا ہے’ سلمان شاہ اور اسحاق ڈار جیسے لوگوں کی ہی وجہ سے غربت کی لکیر کے نیچے زندگی گزارنے والوں کی تعداد میں خوفناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے’ رانا تجمل وحید نے مزید کہا کہ اس کنونشن کی کامیابی کے بعد جب ملک گیر تحریک شروع ہوگی تو پھر حکمرانوں کیلئے چلنا مشکل ہو جائے گا۔
اب صرف ایک دن باقی ہے’ تاجروں کے سڑکوں پر آنے سے قبل ہی حکمران ان کے جائز مطالبات تسلیم کر لیں ورنہ انہیں پچھتانے کا بھی موقع نہیں ملے گا’ انہوں نے کہاکہ ودہولڈنگ ٹیکس تمام برائی کی جڑ ہے لہٰذا وزیراعظم تاجروں کا امتحان لینے کی بجائے اس جڑ کو ہی جڑ سے کاٹ دیں۔