ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور اور باربی ڈول کے نام سے مشہور اداکارہ کترینہ کیف کی ایک دوسرے سے کنارہ کشی کے بعد زیر تکمیل فلم ’’جگا جاسوس‘‘ کی شوٹنگ روک دی گئی ہے۔
بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور اور اداکارہ کترینہ کیف کےمعاشقے کی خبریں طویل عرصے سے زبان زد عام رہی ہیں تاہم اس حوالے سے دونوں اداکاروں نے ہمیشہ تردید ہی کی ہے جب کہ دونوں اداکاروں کے درمیان اختلافات کی خبریں کئی دنوں سے گردش میں تھیں لیکن اب دونوں اداکاروں نے ایک دوسرے سے کنارہ کشی اختیار کرلی ہے جس کے بعدان کی زیر تکمیل فلم کی شوٹنگ بھی خطرے میں پڑگئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق رنبیر کپور اور کترینہ کیف ایک ساتھ فلم ’’جگا جاسوس‘‘میں مرکزی کردار اد اکررہے ہیں جب کہ دونوں اداکاروں کی ایک دوسرے سے کنارہ کشی کے بعد اب فلم کی شوٹنگ بھی خطرے میں پڑ گئی ہے جس کے بعد فلمساز انوراگ باسو نے رواں ماہ موروکو میں فلم کی شوٹنگ منسوخ کر دی ہے تاہم دونوں اداکاروں کی رضا مندی کے بعد اب فلم کی شوٹنگ مارچ میں شروع کی جائے گی۔
واضح رہے کہ رنبیر کپور اور کترینہ کیف کے درمیان معاشقہ 6 سال قبل فلم ’’عجب پریم کی غضب کہانی‘‘ میں ایک ساتھ کام کرنے سے شروع ہوا تھا۔