رحیم یارخان (جیوڈیسک) رحیم یارخان کی تحصیل لیاقت پور سے ایک اور کمسن بچی کی لاش برآمد ہونے کے بعد48 گھنٹے کے دوران ملنے والی يہ تیسری لاوارث لاش ہے جبکہ تینوں لڑکیوں کو قتل کرنے کا طریقہ کار ایک جیسا نکلا ۔علاقے میں خوف و ہراس ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق لیاقت پور کے علاقے تھانہ تبسم شہید ورک کے چک عباسیہ سے آٹھ سالہ بچی کی لاوارث لاش برآمد ہوئی ہے جسکی شناخت نہیں ہو سکی ۔پولیس کا کہنا ہے کہ پہلی لاش دو روز قبل جن پور کے موضع چند والی میں سڑک کنارے گنے کی فصل سے اسکول ڈریس میں ملبوس بارہ سالہ بچی کی تھی اور اسی روز دوسری لاش چک ۱۲۷ پی میں بیس سالہ نامعلوم لڑکی کی لاش ملی جو ابتدائی رپورٹ کے مطابق چار ماہ کی حاملہ تھی۔
دونوں کی شناخت نہ ہونے پر لیاقت پور میں سپرد خاک کر دیا گیا ، تیسری آٹھ سالہ کمسن بچی کی لاش ہے تحصیل اسپتال لیاقت پور منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایس ایچ او تھانہ تبسم شہید ورک محمد یاسین کے مطابق اس کے گلے پر نشانات موجود ہیں ۔تینوں لڑکیوں کوقتل کرنے کا طریقہ واردات ایک جیسا ہے ۔
پولیس کی جانب سے واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں جبکہ پولیس نے بیس سالہ مقتولہ کے فنگر پرنٹ لیکر شناخت کے لئے وزیر داخلہ کو خط ارسال کر دیا ہے جسکی رپورٹ آنے پر تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا ۔