میلبورن (جیوڈیسک) ہیوٹ ماضی میں عالمی نمبر ایک رہنے کے علاوہ 2 گرینڈ سلیم ٹائٹلز بھی جیت چکے ہیں۔ لیٹن ہیوٹ کل آخری مرتبہ آسٹریلین اوپن میں شریک ہوں گے۔ ان کا ابتدائی مقابلہ جواں سال ہموطن جیمز ڈک ورتھ سے شیڈول ہے۔
ایونٹ میں ہر میچ ہی ہیوٹ کیلئے الوداعی میچ کی حیثیت رکھتا ہے۔ 34 سالہ ہیوٹ گزشتہ دو دہائیوں سے ہوم گرینڈ سلم میں شریک ہوتے رہے ہیں۔ وہ یہاں 2005 کے فائنل میں روسی پلیئر مراٹ سافن کے ہاتھوں ہار گئے تھے۔ 17 مرتبہ کے گرینڈ سلم فاتح راجر فیڈرر کا کہنا ہے کہ میں ہمیشہ سے ہیوٹ کی فائٹنگ سپرٹ اور حوصلے سے متاثر رہا ہوں۔
نوجوان آسٹریلوی پلیئر برنارڈ ٹومک کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں تمام لوگ ہیوٹ کو بڑے بھرپور انداز میں دنیائے ٹینس سے رخصت کریں گے۔ ہماری خواہش ہے کہ وہ یہاں پر زیادہ سے زیادہ میچز جیتیں، ہم سب انھیں فاتح دیکھنا چاہتے ہیں۔ ان کا کیریئر انتہائی شاندار رہا ہے۔