ڈیوس (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف آج سوئٹزر لینڈ کے شہر ڈیوس میں عالمی اقتصادی فورم کے تحت جنوبی ایشیا کے موضوع پر مباحثے میں شرکت کریں گے ۔
مباحثے کے شرکا جنوبی ایشیا کے مستقبل پر اثر انداز ہونے والے عالمی رجحانات اور قومی ترجیحات پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ اس کے علاوہ انفرا اسٹرکچر اور توانائی ، سیکیورٹی خطرات ، معاشی ناہمواری اور روزگار کے مواقع کی فراہمی پر بھی گفتگو کی جائے گی ۔
مباحثے کی ماڈریٹر سینئر امریکی بزنس صحافی لیزا گِبس ہوں گی ۔ شرکاء میں وزیراعظم نوازشریف ، سری لنکن وزیراعظم رانِل وکرما سنگھے ، بنگلادیشی ماہر اقتصادیات اور سماجی رہنما محمد یونس ، بھارت کے سب سے بڑے نجی بینک آئی سی آئی سی آئی کی سربراہ چندا کوچَھر اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر تاکی ہیکو ناکائو شامل ہیں ۔
وزیراعظم نوازشریف گذشتہ روز عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے سوئٹزر لینڈ پہنچے تھے ۔وہ مختلف ایونٹس میں شرکت کے ساتھ اہم سیاسی و کاروباری رہنماوں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے ۔