کراچی (اسٹاف رپورٹر) کالونی اسپورٹس فٹ بال کلب کے زیر اہتمام نیشنل بنک آف پاکستان کے تعاون سے کالونی اسپورٹس کمپلیکس ملیر پر جاری آل پاکستان نیشنل بنک فٹ بال ٹورنامنٹ کے اہم لیگ میچ میں سابقہ چمپئن پی آئی اے کے ٹیم نے مضبوط حریف مدہو محمڈن سفاری پارک کو 4-1سے شکست دیکر لیگ میچز میں دوسری کامیابی حاصل کرلی کھیل کے دوران پی آئی اے کے اسٹرائیکر شاکر لاشاری نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا جبکہ جبار جونیئر اور ریاض احمد نے ایک ایک گول اسکور کئے مدہومحمڈن کا واحد گول نسیم نے اسکور کیا ۔پاکستان انٹر نیشنل ائر لائنز کی ٹیم نے گروپ اے میں اپنی پوزیشن مستحکم کرلی ۔
آج پی آئی اے کی ٹیم کا ٹکرائو میزبان کالونی اسپورٹس سے ہوگا ۔کھیلے گئے ایک اور لیگ میچ جو کہ پاکستان اسٹیل ملز نے آل برادرزکے مابین کھیلا گیا وقت مقررہ تک کوئی بھی ٹیم گول اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی لہذا یہ مقابلہ برابری پر ختم ہوگیا ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے میچوں میں ریفریز کے فرائض نیشنل فٹ بال ریفری جہانگیر خان ،سراج الدین طالب ،جاوید بنگش اور شوکت علی خان نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر ایم خالد نیشنل بنک اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے ۔