لاہور: اسلامی جمعیت پاکستان کے زیر اہتمام جمعہ کو ملک بھر میں یوم دعا منایا گیا، لاہور ، کراچی ، اسلام آباد، گلگت، پشاور، مظفرآباد، ملتان، کوئٹہ سمیت ملک بھر کے تمام شہروں میں قرآن خوانی اور دعائیہ تقاریب منعقد ہوئی، مرکزی سیکرٹریٹ میں خصوصی دعائیہ تقریب میں ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان زبیر حفیظ ، سیکرٹری جنرل صہیب الدین کاکا خیل،ناظم اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب شمالی محمد عامر، ناظم اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب جنوبی عرفان حیدر، عبد المقیت سمیت مرکزی ذمہ داران نے شرکت کی۔ شہداء کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی گئی، اس موقع پر ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان زبیر حفیظ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں پر حملہ درحقیقت ملک کی شہ رگ پرحملہ ہے،
ان حملوں کے ذریعے والدین ، اساتذہ اور طلبہ میں خوف و ہراس پھیلا کر دہشت گرد اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔مگر پاکستانی قوم اور طلبہ ان کی بزدلانہ حرکتوں سے نہیں گھبرائیں گے اور نہ ہی ان کے آگے جھکیں گے۔انہوں نے وزارت داخلہ سے مطالبہ کیا کہ ملک کے تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے ، دریں اثنا اسلامی جمعیت طلبہ خیبر کے ناظم شاہ زمان درانی نے وفد کے ہمراہ شہدا ئے چارسدہ کے گھروں میں جا کر تعزیت کی اور ان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا، اسلامی جمعیت طلبہ چارسدہ کے زیر اہتمام ہونے والی دعائیہ تقریب میں یونیورسٹی کے طلبہ ، اساتذہ اور شہدا کے والدین نے شرکت کی، بعدازاں شاہ زمان درانی نے زخمیوں کی عیادت کی اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی، زخمیوں کے ورثا نے اسلامی جمعیت طلبہ چارسدہ کے کارکنان کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے بلڈ بینک میں فوری خون کے عطیات جمع کئے ۔ سید امجد حسین بخاری مرکزیسیکرٹری اطلاعات اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان 0334-5019016