واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا نے کہا ہے کہ طالبان پاکستان اور افغانستان دونوں کیلیے خطرہ ہیں۔
امریکی ٹی وی کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ترجمان جوش ارنسٹ نے کہا کہ طالبان سے مصالحت میں امریکا پاکستان اور افغانستان کی مدد کرے گا۔ جوش ارنسٹ نے کہا کہ امریکی فوج افغانستان میں القاعدہ اور دیگر دہشت گرد گروپوں کیخلاف کارروائی میں مصروف ہے۔
افغانستان میں امریکی فوج کی قربانیوں کے باعث امریکی قوم محفوظ ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں بہتری خطے کے استحکام کیلئے ضروری ہے۔ دونوں ملکوں کو سرحدوں پر موجود دہشت گردوں کے مضبوط ٹھکانوں کے خاتمے کیلیے ملکرکام کرنا چاہیے۔
مذاکراتی عمل افغانستان میں جاری تنازع کے خاتمے کا ذریعہ ہو گا۔ پاکستان اور افغانستان کو طالبان کے چیلنج سے نمٹنے کیلیے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ایران کے متعلق سوال پر جوش ارنسٹ نے کہا کہ ایران سے اقتصادی پابندیاں ہٹنے سے دہشت گردوں کی مدد ہو گی، تہران کھلے عام دہشت گردوں کی حمایت کر رہا ہے۔